لاہور(ڈیلی پوائنٹ)سابق وزیراعظم نواز شریف نے عام انتخابات کے نتائج میں سب سے بڑی جماعت ہونےکا دعوی کر دیا اور ساتھ ہی دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کو ملک کیلئے ساتھ بیٹھنے کی دعوت دے دی۔
ماڈل ٹاؤن میں کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ عام انتخابات میں ن لیگ سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے ہم پر فرض بنتا ہے کہ اس ملک کو مشکل سے نکالیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب پارٹیوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں چاہے وہ پارٹی ہے یا آزاد لوگ ہیں ان کو بھی دعوت دیتے ہیں زخمی پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے آؤ ہمارے ساتھ بیٹھو، ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف خوشحال پاکستان ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ آپ کو معلوم ہے کس نے اس ملک کیلئے کیا کیا ہے؟ ہم نے کس طرح معاشی مشکلات سے نکالا اور معیشت کو ٹھیک کیا، ہمیں مینڈیٹ ملا ہے ضروری ہے کہ سب پارٹیاں مل کر ملک کو اس مشکل سے نکالیں، یہ سب کا پاکستان ہے، سب کو مل کر اس کو مشکل سے نکالنا ہوگا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سیاستدان، پارلیمنٹ،افواج پاکستان، میڈیا سب مل کر مثبت کردار ادا کریں، ملک میں استحکام کےلیے کم از کم دس سال چاہیے، پاکستان اس وقت کسی لڑائی کا متحمل نہیں ہوسکتا سب کومل کربیٹھنا ہوگا، معاملات طے کرنے ہونگے۔
نواز شریف نے سادہ اکثریت نہ ہونے پر اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ ہم کسی سے موازنہ نہیں کرنا چاہتا، خوشی کی بات ہوتی اگر ہمیں پورا مینڈیٹ ملتا، جو جماعتیں انتخابات میں کامیاب ہوئی ہیں ان کوحکومت میں شامل ہونے کی دعوت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کا ٹاسک دیا ہے، انہیں مینڈیٹ دیا ہے کہ آج ہی سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں۔