لاہور(ڈیلی پوائنٹ)ٹیپوٹرکاں والا کا بیٹا امیر بالاج بھی قتل ہو گیا.لاہور کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں شادی کی تقریب کے دوران حملہ آوروں کی فائرنگ سے ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا امیر بالاج ٹیپو قتل ہوگیا۔
لاہور پولیس کے مطابق ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا امیر بالاج ٹیپو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال بلا کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شریک تھا۔
شادی کی تقریب کے دوران وہاں موجود ایک حملہ آور نے فائرنگ کردی جس سے امیر بالاج ٹیپو سمیت تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق امیر بالاج ٹیپو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، مقتول امیر بالاج ٹیپوکے محافظوں کی فائرنگ سے حملہ آور بھی موقع پر مارا گیا۔
لاہور پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی. جس کے بعد اسپتال میں مقتول کے چاہنے والوں کی بھی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم واقعے میں کون سا گروپ ملوث ہے اس سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، جلد ہی انویسٹی گیشن مکمل کرلی جائے گی۔
یاد رہے کہ ٹیپو ٹرکاں والا 14 سال قبل دشمنی کی بھینٹ چڑھ گیا تھا جبکہ امیر بالاج ٹیپو بھی بڑی تعداد میں دشمن رکھنے والا ڈان تھا۔