اسلام آباد(ڈیلی پوائنٹ)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوگئے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے نگراں وزیراعظم کو بلوچ طلبا کی عدم بازیابی کیس میں طلب کر رکھا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں بلوچ لاپتہ طلبا کی بازیابی کے کیس کی سماعت جسٹس محسن اختر کیانی کر رہے ہیں۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے روسٹرم پر آکر کہا کہ لاپتہ بلوچ طلبا کی بازیابی کے لیے کوششیں کی گئیں، 11 مزید لاپتہ بلوچ طلبا کو بازیاب کرایا گیا، 9 افراد سی ٹی ڈی کی تحویل میں ہیں جبکہ 4 تاحال ٹریس نہیں ہوسکے اور دو افراد افغانستان میں ہیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ جو قانونی عمل میں آگئے وہ اس کورٹ کے مینڈیٹ سے نکل گئے، ان کےخلاف کیس ہیں تو وہ متعلقہ عدالتیں دیکھیں گی۔