(ڈیلی پوائنٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی موجودگی میں محکمہ ٹرانسپورٹ اور پنجاب بینک کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی تقریب کی گئی۔ 20 ہزار بائیکس پراجیکٹ کےایم او یو پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی اور صدر پنجاب بنک ظفر مسعود نے دستخط کئے۔تقریب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے طلباءکے لئے مجوزہ الیکٹرک اور پٹرول بائیکس کا معائنہ کیا۔ اور بائیکس کے نرخ کے بارے میں پوچھا اور کوالٹی چیک کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بائیکس کا کلر حکومت پنچاب کے سبز لوگو کے کلر کے مطابق کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا بائیک کے لئے طلباء کی رجسٹریشن کا آغاز جلد از جلد کیا جائے گا۔ طلبہ کو 19 ہزار پٹرول اور ایک ہزار الیکٹرک بائیکس بلاسود ماہانہ اقساط پر دی جائیگی۔
بنک آف پنجاب کے اشتراک سے طلبہ کو آسان اقساط پر بائیک کی فراہمی پر سود حکومت دے گی۔ پٹرول بائیک کی ماہانہ قسط پانچ ہزار اور ای بائیک کی قسط دس ہزار سے کم ہوگی۔
مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق مئی میں قرعہ اندازی کے بعد اسی ماہ بائیکس کی ڈیلیوری شروع کر دی جائے۔ 20 ہزار بائیکس کی فراہمی کا منصوبہ طلباء کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرے گا۔ طلبہ کے لئے بائیکس کی فراہمی چیف منسٹر یوتھ انیشیٹو کے تحت ایک انقلابی سکیم ہے۔ ذاتی سواری طلبہ کے روز مرہ زندگی میں وقت کی بچت کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے مزید کہا وقت کی بچت اور سفر میں آسانی طلبہ کی تعلیمی استعداد کار میں بہتری کا سبب بنے گی۔ بائیکس کی تقسیم میں طلبہ و طالبات کی یکساں نمائندگی خوش آئند ہے۔