کراچی (ڈیلی پوائنٹ )بھارت میں دونوں ہاتھوں سے معذور شخص نے باآسانی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرلیا۔
بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی کا رہائشی 30 سالہ تھانسن دونوں ہاتھوں سے معذور ہونے کے باوجود اپنی ٹانگوں سے گاڑی چلانے کا ہنر رکھتا ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ تھانسن کو 10 سال کی عمر میں کرنٹ لگا تھا جس کے سبب اس کے دونوں ہاتھ کہنیوں سے کاٹنے پڑے لیکن تھانسن نےاپنی معذوری کو مجبوری نہیں بننے دیا اور وہ اپنے تمام کام بخوبی سر انجام دیتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹرز کی جانب سے تھانسن کو فٹ قرار دینے پر چنئی انتظامیہ کی جانب سے اسے 10 سال کا ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا گیا جس پر تھانسن کا کہنا تھا کہ وہ گاڑی چلا کر بہت خوش ہے اور لائسنس حاصل کرنے کے بعد اب وہ باآسانی سفر کرسکے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تھانسن شادی شدہ اور ایک بچے کا باپ ہے، اس نے شہر اندور سے تعلق رکھنے والے دونوں ہاتھوں سے معذور شخص سے متاثر ہو کر گاڑی چلانا سیکھی جسے 2016 میں ڈارئیونگ لائسنس ملا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گاڑی سیکھنے کے بعد تھانسن کو ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے میں دشوری کا سامنا تھا لیکن 2013 میں جب اسے کیرالہ سے تعلق رکھنے والی دونوں ہاتھوں سے معذور خاتون کے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے بارے میں معلوم ہوا تو اس نے ڈاکٹرز سے اپنا فٹنس سرٹیفکیٹ بنوایا اور یوں وہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔