اسلا م آباد( ڈیلی پوائنٹ ) امریکہ کے ایک ریسٹورنٹ میں خاتون ویٹر کو 12 لاکھ روپے ٹپ وصول کرنے پر نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ کی ریاست آرکنساس کے ایک ریسٹورنٹ میں ویٹریس ریان برینڈٹ کو صارفین کے ایک گروپ نے 4 ہزار 4 سو ڈالر (پاکستانی 12 لاکھ روپے) ٹپ دی جس پر ریسٹورنٹ کے مالک نے اسے نوکری سے ہی فارغ کر دیا۔
40 سے زائد صارفین کے گروپ نے ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے کے بعد ویٹریس اور اس کے شریک سرور کو ٹپ دی تھی لیکن اتنی زیادہ ٹپ دیکھ کر ریسٹورنٹ کے منیجر نے خاتون کو ہدایت دی کہ وہ ٹپ کا 20 فیصد حصہ خود رکھے اور باقی کی رقم اپنے ساتھیوں میں تقسیم کر دے۔
خاتون ویٹر نے منیجر کی ہدایت کو ماننے سے انکار کر دیا اور صارفین کی ہدایت پر ٹپ خود رکھنے اور اپنے شریک سرور کو دینے کے فیصلے پر قائم رہی جس پر منیجر نے اسے نوکری سے برخاست کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔
خاتون کو ٹپ دینے والے صارفین کو نوکری سے برخاست کیے جانے اور ٹپ ریسٹورنٹ منیجر کی جانب سے ضبط کرنے کا علم ہوا تو انہوں نے ریسٹورنٹ انتظامیہ سے ٹپ واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔
صارفین نے ریسٹورنٹ سے ٹپ واپس لینے کے بعد باہر نکل کر تمام رقم خاتون کے حوالے کر دی۔
دوسری جانب ایک بیان میں ریسٹورنٹ انتظامیہ نے کہا کہ کھانے کے بعد مہمانوں کے اس گروپ نے درخواست کی تھی کہ ان کی ٹپ دو مخصوص سرورز کو دی جائے لہٰذا ہم نے ان کی درخواست کا مکمل احترام کیا۔
ریسٹورنٹ انتظامیہ نے ویٹریس کی طرفی سے متعلق کوئی بھی بات کرنے سے انکار کر دیا۔