ممبئی (ڈیلی پوائنٹ)بالی ووڈ اداکارہ کیارا اڈوانی نے شہرت میں تمام ہندوستانی اداکاروں کو پیچھے چھوڑ دیاہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق انہیں رواں سال گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا ہے۔رواں برس گوگل سرچ سے متعلق فہرست جاری کردی گئی ہےجس میں حیران کن طور پر صرف ایک ہی ہندوستانی سلیبریٹی موجود ہے اور وہ کیارا اڈوانی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس فہرست میں کیارا اڈوانی کا 9واں نمبر ہے جس سے واضح ہے کہ وہ ہندوستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی سلیبریٹی ہیں۔علاوہ ازیں دنیا میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں میں شاہ رخ خان کی جوان اور پٹھان شامل ہیں۔
ذہن نشیں رہے کہ رواں سال کے دوران انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کو سرچ کیا گیا۔ ’جوان‘ 2023 کی بالی وڈ کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک ہے۔’جوان‘میں اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے شاہ رخ خان نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ انہیں ’بالی وڈ کا بادشاہ‘ کیوں کہا جاتا ہے۔اسی طرح ہندوستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں میں دوسرے نمبر پر سنی دیول کی ’غدر‘ رہی۔’غدر‘ سنہ 2001 کی مشہور فلم ’غدر: ایک پریم کتھا‘ کا سیکوئل ہے جس نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے۔
سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں میں کرسٹوفر نولان کی ’اوپن ہائمر‘ تیسرے جبکہ اوم راٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی ’ادی پورش‘ چوتھے نمبر پر رہی۔
گوگل پرہندوستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی پانچویں فلم شاہ رخ خان کی ’پٹھان‘ تھی۔ اس فلم کے ذریعے شارخ خان کی بالی وڈ میں واپسی ہوئی۔انٹرنیٹ پر سرچ کے حوالے سے فلمی شخصیات کی بات کی جائے تو 2023 کا سال اداکارہ کیارا اڈوانی کے نام رہا۔
’بگ باس ٹو‘ کے ونر الوش یادو سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات میں پانچویں نمبر پر رہے۔ایمازون پرائم ویڈیو کی سیریز ’فرضی‘ انٹرنیٹ پر شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ 2023 کے دوران گوگل پر شاہد کپور اور وجے سیتھوپاتھی کی ’فرضی‘ کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔دوسرے نمبر پر نیٹ فلیکس کی ’وینزڈے‘ کو سرچ کیا گیا۔ یہ سیریز اتنی کامیاب رہی کہ اس کے پروڈیوسرز نے اگلے سیزن کی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔تیسرے نمبر پر ’آسور‘ کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا جس کے نمایاں کرداروں میں ارشد وارثی شامل تھے۔ ’رانا نائیڈو‘ اور ایچ بی او کی سیریز ’دی لاسٹ آف اس‘ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہیں۔