اسلام آباد(ڈیلی پوائنٹ )پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر 13 سال بعد پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ پہنچ گئے۔
اکبر ایس بابرپارٹی کے بانی رہنماؤں کے ہمراہ پی ٹی آئی سینٹرل سیکرٹریٹ پہنچے جہاں انہیں دیکھ کر دروازے کھولے گئے۔پی ٹی آئی سینٹرل سیکرٹریٹ میں بلوچستان کے رہنماؤں نے اکبر ایس بابرکا خیرمقدم کیا۔اس موقع پر اکبر ایس بابرکا کہنا تھاکہ وقت کم تھا تو خود آگیا، ہمارا اپنا دفتر ہے، یہاں کون معلومات دے گا؟۔اس موقع پر بلوچستان سے پارٹی کے رہنما نے جواب میں کہا کہ آپ کو تو کوئی معلومات نہیں دے گا۔اس پر ہال میں قہقہے لگ گئے۔
اکبر ایس بابر کا کہنا تھاکہ پارٹی میں جمہوریت چاہتے ہیں، پارٹی کو ادارہ بنانا چاہتا ہوں، ورکرزپربھروسہ کیاجائے توپارٹی مضبوط ہوسکتی ہے، انٹراپارٹی الیکشن کی معلومات لینے آیا ہوں۔کاغذات نامزدگی، ووٹرلسٹ، الیکشن کے طریقہ کارکی معلومات حاصل کرنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کئی بانی ارکان الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔
بلوچستان کے رہنماوں نے اکبرایس بابرسے گفتگو کہا کہ ہم بھی معلومات لینے آئے ہیں لیکن یہاں کوئی ہے نہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ سال الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ لی اور عمران خان کا بیان حلفی جھوٹا ہے۔