اسلام آباد(ڈیلی پوائنٹ)پاکستان میں میکڈونلڈز نے اپنی متعدد مینو آئٹمز کی قیمتوں میں تقریبا 60 فیصد کمی کردی ہے
سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ یہ اقدام پاکستان میں بھی جاری بائیکاٹ مہم کے بعد کیا گیا ہے۔ملٹی نیشنل فاسٹ فوڈ کمپنی کی جانب سے اسرائیلی دفاعی افواج کے جوانوں کو تعریفی کھانا دینے کے بعد عوامی سطح پر شدید ردعمل بیان سامنے آیا تھا جس کے بعد پاکستانی صارفین بھی میکڈونلڈز کا بائیکاٹ کرتے ہوئے مقامی برانڈز کی طرف راغب ہوئے تھے۔
اس بائیکاٹ کے باعث ہونے والے نقصان نے میکڈونلڈ کو اپنی کاروباری حکمت عملی تبدیل کرنے پر مجبورکیا حالانکہ فوڈ چین نے اسرائیل فلسطین تنازع پر اپنے موقف کی وضاحت بھی کی تھی۔14 اکتوبر کو ایکس پر شیئر کیے گئے بیان میں فاسٹ فوڈ چین کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں میکڈونلڈز ایک مقامی انٹرپرائز ہے، جس کی مکمل ملکیت اور آپریشن SIZA فوڈز پرائیوئٹ لمیٹڈ پاکستان کے زیر نگرانی ہے۔
ہم اسرائیل میں میکڈونلڈز کے آپریشنز سے وابستہ نہیں ہیں، جو ایک مقامی ملکیت والی اسرائیلی کمپنی ہے‘۔
سوشل میڈیا صارفین نے قیمتوں میں کمی کو بائیکاٹ کا نتیجہ قراردیا۔پاکستانیوں کی جانب سے کیے جانے والے بائیکاٹ نے نہ صرف میکڈونلڈز بلکہ کئی عالمی برانڈز کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیاہے، اور صارفین نے تیزی سے مقامی مصنوعات کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔