چینی وزیراعظم لی کیانگ کی شہباز شریف کی تقریر کی تعریف

چینی وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں شہباز شریف کی تقریر کو سراہا

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے بعد وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی چینی وزیراعظم لی کیانگ سے غیر رسمی ملاقات ہوئی۔ اس دوران چینی ہم منصب نے وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ:
“آپ نے بہت اچھی تقریر کی۔”
وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل اسمبلی سے خطاب کا آغاز قرآن مجید کی آیات کی تلاوت سے کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے پاک بھارت جنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنگ جیت چکا ہے اور بھارت کے ساتھ جامع اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
خطاب کے دوران وزیراعظم نے جنرل اسمبلی کی صدر کو 80ویں اجلاس کی صدارت پر مبارکباد دی، جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل ترین حالات میں جرأت مندانہ قیادت کا مظاہرہ کیا۔
چینی وزیراعظم کی جانب سے شہباز شریف کی تقریر کو سراہنا پاکستان اور چین کے تعلقات میں باہمی اعتماد اور مضبوط شراکت داری کا عکاس ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں