آسٹریلیا (ڈیلی پوائنٹ)پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 487 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پرتھ کے واکا کرکٹ اسٹیڈیم میں میزبان ٹیم نے کھیل کے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 346 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔ آسٹریلیا کو چھٹی پلیئر ایلکس کیری کو 411 رنز پر عامر جمال نے بولڈ کیا جبکہ مچل اسٹارک کو بھی 9 رنز بنا کر عامر جمال نے آؤٹ کیا۔
مچل مارش 90 اور پیٹ کمنز 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے لیکن کھانے کے وقفے کے فوری بعد مچل مارش نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئےانہیں خرم شہزاد نے بولڈ کیا جبکہ 481 کے مجموعے پر عامر جمال نے پیٹ کمنز کو بھی سلپ میں کیچ آؤٹ کروا دیا اور ڈیبیو ٹیسٹ پر 6 وکٹیں لینے والے 14 ویں بولر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
آسٹریلیا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نیتھن لیون تھے جو 5 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ خرم شہزاد کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، ایک ایک کھلاڑی کو فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 164 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مچل مارش نے 90 رنز کی اننگز کھیلی، عثمان خواجہ 41 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔