blochistan mein halaat kasheeda election commession ka ijlas

بلوچستان میں حالات کشیدہ الیکشن کمیشن نے اہم اجلاس بلالیا

اسلا م آباد(ڈیلی پوائنٹ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک کے دو صوبوں میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر غور کے لیے جمعرات کو اجلاس بلا لیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ’کمیشن نے خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے کل بروز جمعرات یکم فروری کو دن کے 3 بجے اجلاس بلا لیا ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو بلائے گئے اجلاس میں نگراں وزیر داخلہ، سیکرٹری داخلہ، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے چیف سیکرٹریز اور آئی جی صاحبان اور دیگر انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
قبل ازیں خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 8 سے آزاد امیدوار ریحان زیب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق باجوڑ کے علاقے صدیق آباد میں آزاد امیدوار ریحان زیب پر نامعلوم آفراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
ریحان زیب کو زخمی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
ریحان زیب کے پی ٹی آئی کا ورکر تھے تاہم وہ آزاد حیثیت سے الیکشن لڑرہے تھے۔
خیال رہے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے واقعات تواتر سے رونما ہوئے ہیں جن میں الیکشن لڑنے والے امیدواروں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
منگل کو سبی میں پی ٹی آئی کی انتخابی ریلی کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں چار افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔
چند دن قبل بلوچستان کے علاقے مچھ میں عسکریت پسندوں نے حکومتی عمارتوں اور سکیورٹی فورسز پر منظم حملے کیے جن میں پولیس ایس آیچ او سمیت متعدد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے نو حملہ آوروں کو ہلاک کیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں