لاہور(ڈیلی پوائنٹ )پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کارکن سمجھتے ہیں کہ مشکل دن ختم ہوگئے ہیں، میاں صاحب چوتھی بار وزیراعظم بنے تو وہ انتقام لیں گے جس کا کسی کو اندازہ نہیں۔
چنیوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو ووٹ سے چوتھی بار وزیر اعظم بنانے والے کی سازش کو ناکام بنا دیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں ان کو جانتا ہوں ان کے دل میں نفرت اور بغض ہے، اگر میاں صاحب چوتھی بار وزیراعظم بنے تو جو انتقام وہ لیں گے کہ یاد رکھیں گے۔ میاں صاحب کا پہلا اور دوسرا دور کسی آمریت سے کم نہیں تھا۔
انکا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی انتقام کی سیاست نہیں کی، بینظیر بھٹو انتقام لینے کی بجائے غریب عوام کے مسائل حل کرنا چاہتی تھیں، بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔ آصف زرداری جب ملک کے صدر بنے تو کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور کا ظلم برداشت کیا، جیالوں نے آمر ضیاء کا ظلم برداشت کیا، نواز شریف کے پہلے اور دوسرے دور کا ظلم برداشت کیا جو آمر کے دور سے کم نہیں تھا۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ مقابلہ تیر اور شیر کے درمیان ہے، اپنے ووٹ کی طاقت سے ان کی سازش ناکام بنا سکتے ہو۔ 2024 ہے، بار بار آنے والوں کے بجائے اب نئے چہروں کو موقع دیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان تاریخی معاشی بحران سے گزر رہا ہے، بےروزگاری، غربت بڑھتی جارہی ہے ایسے حالات تاریخ میں نہیں دیکھے، ایک طرف معاشی بحران ہے دوسری طرف معاشرے میں بحران پیدا کیا گیا ہے۔ پرانے سیاستدان نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں، اس نفرت اور تقسیم کی سیاست سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرنا چاہتا ہوں۔