راولپنڈی(ڈیلی پوائنٹ) بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ریفرنس میں 14 سال قید کی سزا ہونے کے بعد اڈیالہ جیل پہنچ کر خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آج اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کرتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عدم موجودگی میں سزا کا فیصلہ سنایا۔
فیصلہ آنے کے بعد بشری بی بی اپنی گاڑی میں بیٹھ کر گرفتاری دینے خود اڈیالہ جیل پہنچی تو نیب ٹیم پہلے سے ہی جیل میں موجود تھی جس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ بشری بی بی اور بانی پی ٹی آئی کو جیل میں الگ الگ سیلز میں رکھا جائے گا۔
پولیس کی جانب سے حالیہ ملکی صورتحال کے پیش نظر اڈیالہ جیل کی بیرونی سیکورٹی کو مزید بڑھا دیا گیا ہے۔ جیل کے فرنٹ، عقب اور اطراف میں مزید سیکورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ جیل انتظامیہ کو تین دن کے اندر جیل کو نشانہ بنانے کی دھمکی آمیز کال بھی موصول ہوئی ہے جس کے بعد انتظامیہ نے سیکورٹی کو ریڈ الرٹ کردیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز کال اڈیالہ جیل کےآفیشل نمبر پر کی گئی۔