اسلام آباد( ڈیلی پوائنٹ )پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے پہلے ہنگامہ آرائی اور ہائی اسپیڈ ٹرین نیٹ ورک پر حملے کیے گئے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق ریلوے اسٹیشن پر توڑ پھوڑ اور آگ لگائی گئی جس سے ریلوے کا نظام مفلوج ہوگیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق ہائی اسپیڈ ٹرین نیٹ ورک پر حملے بد نیتی پر مبنی کارروائیاں ہیں۔
فرانسیسی ریل کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ حملوں کا مقصد ٹرین نظام کو مفلوج کرنا تھا، نیٹ ورک مفلوج کرنے کے لیے بڑے پیمانے کا حملہ کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کی بڑی تعداد کو منسوخ کردیا گیا ہے جبکہ کئی ٹرینوں کو متبادل روٹس فراہم کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق انیجنئرز کی ٹیم متاثرہ جگہوں پر موجود ہے اور معاملات کو حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ریلوے کمپنی یورو اسٹار نے مسافروں کو سفر نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
دوسری جانب سوئس ریل آپریٹر کی طرف سے کہا گیا ہے کہ سوئٹزرلینڈ سے فرانس جانے والی ٹرینیں متاثر نہیں ہوئی ہیں۔