پاکیستان نے ایران سے سفیر واپس بلا لیا

پاکستان نےایران سے اپنا سفیر واپس بلا لیا

اسلام آباد(ڈیلی پوائنٹ) پاکستان نے ایران سے اپنے سفیر کو بلانے اور ایرانی سفیر کو ملک بدر کرنےکا اعلان کردیا۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان پر ایرانی حملے پر پاکستان نے اسلام آباد میں ایرانی سفیر کو واپس جانےکا کہا ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے تہران میں موجود اپنے سفیر کو بھی واپس بلالیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان سفارتی دوروں کو روکا جارہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان نے اپنے فیصلے سے ایرانی حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز ایرانی سکیورٹی فورسز کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان میں میزائل اور ڈرون حملےکیےگئے تھے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی نور نیوز کی خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایرانی سکیورٹی فورسز کی جانب سے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں جیش العدل نامی تنظیم کے دو ٹھکانوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے۔
وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی فضائی حدود میں ایرانی حملے کے نتیجے میں دو معصوم بچے جاں بحق اور تین بچیاں زخمی ہوئی تھیں۔
آج دفتر خارجہ نے ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنےکی شدید مذمت کرتے ہوئے ایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں