نیویارک(ڈیلی پوائنٹ) ہالی ووڈ اسٹار انجلینا جولی نے ہالی ووڈ کو خیر آباد کہنے کا ارادہ کر لیا ہے۔انجلینا جولی نے کہا ہے کہ وہ اب ہالی ووڈ چھوڑنا چاہتی ہیں کیونکہ یہ ذہنی و جسمانی سکون کے لیے درست جگہ نہیں ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہالی ووڈ اسٹار انجلینا جولی نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران اپنی اور بریڈ پٹ کی طلاق کے بارے میں کُھل کر بات کی۔انجلینا جولی نے کہا کہ “میں طلاق کے بعد سے تندرست نہیں ہوں، مجھے ذہنی و جسمانی تناوْ رہتا ہے، میرے بلڈ شوگر کی سطح کم یا زیادہ ہوتی رہتی ہے، میں نے خود کو کھودیا ہے”۔
ہالی ووڈ اداکارہ نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ “مجھے طلاق سے چھ ماہ قبل اچانک بیلز فالج ہوگیا تھا اور پھر طلاق نے میری صحت کو مکمل طور پر متاثر کردیا”۔
اُنہوں نے کہا کہ “طلاق کے بعد، میں نے آزادانہ طور پر رہنے اور سفر کرنے کی صلاحیت کھو دی ہے، میں کسی دوسری جگہ منتقل ہونا چاہتی ہوں اور ہالی ووڈ کو خیرباد کہنا چاہتی ہوں کیونکہ ہالی ووڈ سکون کی جگہ نہیں ہے، یہاں رہ کر کبھی تندرست نہیں ہوسکوں گی”۔
انجلینا جولی نے مزید کہا کہ “میں نے اپنے کیریئر کی شروعات میں کبھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے اس قدر شہرت ملے گی لیکن میں آج ایک اداکارہ نہیں بننا چاہتی”۔
یاد رہے کہ انجلینا جولی اور بریڈ پٹ نے 23 اگست 2014 میں شادی کی تھی اس جوڑی کے 6 بچے ہیں تاہم 2019 میں انہوں نے راہیں جدا کرلیں تھیں۔انجلینا جولی ہالی ووڈ کی نامور اور کامیاب اداکارہ رہ چُکی ہیں جن کی خوبصورتی کے چرچے پوری دنیا میں رہے ہیں۔