اسلام آباد(ڈیلی پوائنٹ)چین میں ایک یونیورسٹی کی طالبہ نے ہاتھ کی انگلی پر کاٹنے والے چوہنے سے بدلہ لے لیا۔
چینی اخبار کے مطابق 18 سالہ لڑکی کو گزشتہ سال 21 دسمبر کو چوہے نے انگلی پر کاٹا تھا جس کے بعد اس نے چوہے کو بھگانے یا مارنے کے بجائے معاملات اپنے ہاتھ میں لے کر اسے خود ہی پکڑنے کا فیصلہ کیا۔
چینی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اپنے مشن میں کامیاب ہونے کے بعد بدلے کے طور پر لڑکی نے چوہے کو پکڑ کر اسے کے سر پر زور سے کاٹا جس سے چوہے کے سر پر دانتوں کے نشان بھی بن گئے۔
رپورٹس کے مطابق بعدازاں چوہا مر گیا کیونکہ لڑکی نے اپنا بدلہ لیتے وقت اسے دبوچ کر پکڑا ہوا تھا اور اس دوران اس کا دم گُھٹ گیا تھا۔
چینی اخبار کی رپورٹ کے مطابق چوہے کو کاٹتے وقت لڑکی کے ہونٹوں پر بھی چوٹیں آئیں جس کا اسے فوری علاج کرانا پڑا جس کے بعد اب وہ ٹھیک ہے۔
لڑکی کے ساتھ رہنے والی دوسری لڑکی کا کہنا ہے کہ اپنے اس عمل پر اس کی دوست کو پچھتاوا ہے۔
اُس لڑکی کا کہنا ہے کہ علاج کرتے وقت ڈاکٹر بھی حیران تھا کہ وہ اس بارے میں کیا کہے اور اس نے اس طرح کا واقعہ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔
چینی اخبار کے مطابق یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر حیرانی کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ لوگ مذاق بھی اڑا رہے ہیں۔
کئی لوگوں نے اس لڑکی کو اپنے گھر مدعو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے گھر کے چوہے کا مسئلہ بھی حل کر دیں۔