لاہور(ڈیلی پوائنٹ )بھارتی اداکارہ و ماڈل پونم پانڈے نے اپنی موت کی خبر کو محض ایک مہم قرار دیتے ہوئے ان خبروں کی تردید کردی۔
اداکارہ نے ہفتے کی سہ پہر سوشل میڈیا پر ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ‘بدقسمتی سے میں ان ہزاروں خواتین کے حوالے سے نہیں بول سکتی جو سروائیکل کینسر کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں، وہ اس لیے نہیں مرتیں کہ وہ کچھ کر نہیں سکتیں بلکہ اس لیے جان گنوا بیٹھتی ہیں کیونکہ انہیں معلوم نہیں ہے کہ بیماری کی تشخیص کے بعد کیا کرنا ہے’۔
اداکارہ نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ ‘میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ دوسرے کینسر کی طرح اس کینسر کا بھی علاج ہے، جس کے لیے آپ سب کو ٹیسٹ کروانا اور اس کی ویکسین کروانا ضروری ہے اور ہمیں یہ باور کروانا ہے کہ اس سرطان کی وجہ سے مزید زندگیاں ضائع نہ ہوں’۔
اداکارہ نے ایک اور بھی ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی موت کی جھوٹی خبر پھیلانے پر عوام سے معافی مانگی اور بتایا کہ ان کی موت کی خبر نے دنیا کو بتایا ہے کہ سروائیکل کینسر کیا ہے اور یہ کس طرح سے خاموشی سے زندگیاں لے جاتا ہے اور میری موت کی خبر نے اس کینسر پر روشی ڈالی ہے جس پر بات بھی نہیں کی جاتی۔
واضح رہے اداکارہ کی موت کا اعلان ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا گیا تھا جس میں درج تھا کہ ‘ آج کی صبح ہم سب کے لیے ایک مشکل ترین صبح ہے، اور ہمیں یہ بتاتے ہوئے بے حد دکھ ہورہا ہے کہ آپ سب کی پیاری پونم پانڈے سروائیکل کینسر کی وجہ سے چل بسیں’۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ پونم پانڈے سروائیکل کینسر (رحم کے نچلے حصے کے کینسر) میں مبتلا تھیں اور گزشتہ روز اداکارہ کی موت کی تصدیق ان کی ٹیم کی جانب سے ان کے مصدقہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کی گئی