جاپان ادارو ں کی قیادت خواتین کی حوالگی کیلئے کوشاں

کراچی ( ڈیلی پوائنٹ ) جاپان میں سابقہ خاتون فلائٹ اٹینڈنٹ کو ایئر لائن کا صدر نامزد کردیا گیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جاپان ایئرلائن کی نئی نامزد صدر مٹسوکو ٹوٹوری نے 1985 میں فلائٹ اٹینڈنٹ کے طور پر فلیگ کیریئر میں شمولیت اختیار کی تھی جبکہ 2015 میں انہیں کیبن کریو کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا تھا۔
مٹسوکو ٹوٹوری کی تعیناتی کو ایک بڑی جاپانی فرم اور عالمی ایئر لائن کے لیے غیر معمولی تقرری کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ وہ یکم اپریل سے کو یوجی اکاساکا کی جگہ صدر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
یہ تقرری ٹوکیو کے ہوائی اڈے پر جاپان ائیرلائن کے طیارے میں آگ لگنے کے واقعے کے چند ہفتوں بعد ہوئی ہے جس میں 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ 379 مسافروں کو زندہ بچالیا گیا تھا۔
مٹسوکو ٹوٹوری نے کہا کہ میں نے اپنے کیریئر کا بیشتر حصہ سیفٹی اور کسٹمر سروسز کے فرنٹ لائن پر گزارا ہے، انہیں امید ہے کہ ان کی پروموشن سے دیگر خواتین کو اپنے کیریئر میں اگلا قدم اٹھانے کی ہمت ملے گی۔
مٹسوکو ٹوٹوری نے کہا کہ وہ ایئرلائن میں آپریشنل سیفٹی کو مزید بہتر بنانے پر کام کریں گی۔
واضح رہے کہ جاپان کی حکومت 2030 تک بڑے کاروباری اداروں میں قیادت کی ایک تہائی پوزیشن خواتین کو دینا چاہتی ہے جس کیلئے حکومت کاروباری اداروں پر زور دے رہی ہے کہ وہ 2025 تک کم از کم ایک خاتون کو ایگزیکٹو کے طور پر مقرر کریں۔
خواتین 2021 میں جاپان میں 13.2 فیصد انتظامی عہدوں پر فائز تھیں جو کہ اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم کے اراکین میں سب سے کم ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں