کراچی ( ڈیلی پوائنٹ) چھاتی کے کینسر سے جنگ لڑنے والی معروف بھارتی اداکارہ حنا خان نے اپنے سر کے بال مُنڈ دیے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
حنا خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی نئی ویڈیو پوسٹ کی جس میں اُنہیں ٹرمر سے اپنے سر کے بال اُتارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
مذکورہ ویڈیو میں اداکارہ نے چند تصاویر بھی شامل کیں جن میں اُنہوں نے اپنے سر سے بڑی تعداد میں جھڑنے والے بال دکھائے۔
حنا خان نے کہا کہ آپ اس مرض سے صرف اُسی صورت میں جیت سکتے ہیں کہ جب آپ اپنے زخموں کے نشانات قبول کرلیں اور میں نے ایسا ہی کیا ہے کیونکہ مجھے یقین ہے کہ جب کوئی انسان بیماری کی حالت میں خود کو گلے لگاتا ہے تو وہ اپنی شفایابی کی طرف ایک قدم بڑھا لیتا ہے۔
بھارتی اداکارہ نے اپنا سر منڈوانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں جب بھی اپنے بالوں میں ہاتھ پھیرتی ہوں تو بڑی تعداد میں بال جھڑ کر میرے ہاتھ میں آجاتے ہیں جنہیں دیکھ کر مجھے ذہنی تناؤ ہوتا ہے، میں ذہنی دباؤ اور مایوسی سے گزرنا نہیں چاہتی اسی وجہ سے میں نے اپنے سارے بال اُتارنے کا فیصلہ کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ جسمانی صحت کو ٹھیک کرنے کے لیے ذہنی صحت کو برقرار رکھنا بہت ضروری ہے اور میں اس سفر کے دوران ذہنی تناؤ سے بچنے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہوں۔
حنا خان نے کینسر کے مریضوں، خاص طور پر خواتین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ یہ بہت مشکل اور تکلیف دہ ہے لیکن میری طرح اپنی ظاہری شخصیت میں تبدیلی کو قبول کریں، اس سے پیار کریں، اگر آج بال اُتار دیے تو کوئی مسئلہ نہیں، کل صحتیابی کے بعد آپ کی خوبصورتی واپس آجائے گی۔
ویڈیو کے آخر میں حنا خان نے اللہ تعالیٰ کا نام لیکر اپنے سر پر ٹرمر چلایا اور اپنا سر کے سارے بال اُتار دیے۔
واضح رہے کہ حنا خان نے 28 جون کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ وہ چھاتی کے کینسر کا شکار ہوگئی ہیں۔