Kowait mein 13rukni cabinet ka ilan 2 khwateen b shamil

کویت میں تیرہ رکنی نئی کابینہ کا اعلان، دو خواتین شامل

(ڈیلی پوائنٹ)امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے شیخ اجمد عبداللہ الاحمد الصباح کی سربراہی میں نئی کابینہ کی تشکیل کے لیے فرمان جاری کیا ہے۔کویتی خبر رساں ایجنسی کونا کے مطابق نئی کابینہ کے لیے تیرہ وزرا کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے ان میں دوخواتین شامل ہیں۔فہد یوسف سعود الصباح اول نائب وزیر اعظم، وزیر دفاع اور داخلہ ہوں گے جبکہ شریدہ عبداللہ سعد المعوشرجی کو نائب وزیراعظم اور وزیر مملکت برائے کابینہ امور مقررکیا گیا ہے۔
ڈاکٹرعماد محمد عبدالعزیز العتیقی نائب وزیراعظم اور وزیر پٹرولیم، عبدالرحمن بداح عبدالرحمن المطیری وزیر اطلاعات وثقافت، ڈاکٹرعبدالوہاب احمد العوضی وزیر صحت، ڈاکٹر انور علی عبداللہ المضف وزیر خزانہ، وزیر مملکت برائے اقتصادی امور و سرمایہ کاری۔ڈاکٹر عادل محمد عبداللہ العدوانی وزیر تعلیم، عبداللہ علی عبداللہ الیحیا وزیر خارجہ، ڈاکٹر نورا محمد خالد المشعان وزیر تعمیرات عامہ اور بلدیات، ڈاکٹر محمد ابراہیم محمد الوسمی وزیر انصاف، اوقاف و اسلامی امورپوں گے۔
جبکہ عمر سعود عبدالعزیز العمر کو تجارت وصنعت، ڈاکٹر محمود بوشھری پانی، بجلی، قابل تجدید توانائی اور ہاوسنگ اور ڈاکٹر امثال ھایف الحویلہ کو سماجی امور، محنت اور امور نوجوانان کا قلمدان ملا ہے۔یاد رہے کہ امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے جمعے کو قومی اسمبلی تحلیل کر کے آئین کی بعض شقوں کو چار سال کےلیے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
کویتی خبر رساں ایجنسی کونا نے بتایا تھا کہ قومی اسمبلی کے اختیارات امیر اور ملکی کابینہ سنبھالے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں