کراچی( ڈیلی پوائنٹ) پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینیئر اداکار فردوس جمال نے ایک بار پھر سُپر اسٹار ماہرہ خان کی خوبصورتی پر سخت کرتے ہوئے انہیں بوڑھی عورت قرار دے دیا۔
حال ہی میں فردوس جمال نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُن سے پاکستان کی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان سے متعلق سوال پوچھا گیا۔
پروگرام کے میزبان نے فردوس جمال سے پوچھا کہ آپ نے ماضی میں کہا تھا کہ ماہرہ خان بوڑھی لگتی ہیں، اُنہیں ڈراموں یا فلموں میں ہیروئن کے نہیں بلکہ ماں کے کردار دینے چاہیے لیکن آپ کے اس بیان کے بعد اداکارہ نے سُپر ہٹ فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے، تو اس پر آپ کیا کہنا چاہیں گے؟
اس سوال کے جواب میں فردوس جمال نے کہا کہ میں آج بھی اپنے بیان پر قائم ہوں، میں نے ماہرہ خان کی عُمر سے متعلق حقیقت بتائی تھی، وہ اپنی اصل عُمر کے مطابق بوڑھی عورت ہیں۔
فردوس جمال نے کہا کہ اگر لوگوں کو ماہرہ خان بظاہر خوبصورت نظر آتی ہیں تو اس میں میری کوئی غلطی نہیں ہے، ہر کوئی اپنی نظر سے دیکھتا ہے، میری نظر میں وہ خوبصورت نہیں۔
میزبان نے سینیئر اداکار سے کہا کہ پاکستان کے 90 فیصد لوگوں کو ماہرہ خان خوبصورت نظر آتی ہیں، جس پر فردوس جمال نے کہا کہ اگر 90 فیصد لوگ پاگل ہیں تو اس میں میری کوئی غلطی نہیں، کیا میں بھی اُن کی طرح پاگل بن جاؤں۔
اُنہوں نے کہا کہ میں ایلزبیتھ ٹیلر جیسی اداکاراؤں کی اداکاری کو دیکھ کر ہی اداکاری کا موازنہ کرتا ہوں اور ہر انسان کا اپنا زاویہ ہوتا ہے، اداکاری اور خوبصورتی سے متعلق میرا اپنا زاویہ ہے، میں اپنی سوچ اور نظریے کے حساب سے چیزوں کو دیکھتا ہوں۔
فردوس جمال نے مزید کہا کہ میں خوبصورتی سے متعلق اپنے بیان پر پہلے بھی قائم تھا، آج بھی قائم ہوں اور ہمیشہ قائم رہوں گا۔
واضح رہے کہ سال 2019 میں فردوس خان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر میری بات کسی کو بری لگے تو معذرت چاہتا ہوں لیکن مجھے نہیں لگتا ماہرہ خان کو اب ہیروئن کے کردار ادا کرنے چاہیئں۔ ماہرہ خان ماڈل ہوسکتی ہیں لیکن وہ نہ تو ایک اچھی اداکارہ ہیں اور نہ ہی ہیروئن۔
فردوس جمال نے ماہرہ خان کی عمر پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماہرہ کی عمر زیادہ ہوگئی ہے اور اس عمر میں ہیروئنیں نہیں ہوتیں بلکہ ماں کے کردار کیے جاتے ہیں۔