کراچی ( ڈیلی پوائنٹ )خیر پور کے علاقے درازہ شریف کے قریب پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں لڑکی کے 2 بھائیوں کو نامزد کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق نوبیاہتا جوڑے کے قتل میں ملوث ملزمان کی تلاش جاری پولیس کا کہنا ہے کہ 2 ماہ قبل پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو گزشتہ رات قتل کیا گیا تھا۔
دوسری جانب صوبہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں مطلوب مبینہ چور کا والد پولیس کے چھاپے کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا۔پولیس کے مطابق رحیم یار خان کے علاقے پکالاڑاں میں چوری کے کیس میں مطلوب ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا۔پولیس کے دعوے کے مطابق چھاپے کے دوران ملزم کا والد دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا۔دوسری جانب جاں بحق شخص کے ورثا نے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے والد کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ان کی موت واقع ہوگئی۔لاش اسپتال منتقل کرنے پر اہل خانہ نے اسپتال کے باہر احتجاج کیا۔پولیس کے مطابق مطلوب ملزم فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔