(ڈیلی پوائنٹ)مسلمانوں کا پانچواں رکن حج کا آج سے آغاز ہو گا لاکھوں حاجی منی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں.حج2024ءکیلئے 5روزہ مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز آج (جمعہ) 14 جون2024ء سے ہوگا، لاکھوں عازمین حج منیٰ کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔ رکن اعظم وقوف عرفات سنیچر 15جون کو ہوگا۔ فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے لاکھوں عازمین حج ’’لبیک الھم لبیک‘‘ کی صدائیں بلند کرتے منی کی جانب روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ قیام کے دوران عبادات کریں گے اور سنیچر ۱۵؍جون کی صبح وقوف عرفات کے لئے میدان عرفات روانہ ہوں گے۔
سنیچر کے روز عرفات میں حج کے خطبہ کے بعد ظہر اور عصر کی نماز ملا کر ادا کی جائے گی جب کہ مغرب سے پہلے حجاج کرام مزدلفہ کی طرف روانہ ہوں گے جہاں وہ مغرب اور عشا کی نماز اکٹھی پڑھیں گے۔مزدلفہ میں ہی حجاج کرام شیطان کو کنکریاں مارنے کیلئے کنکریاں اکھٹی کریں گے اور یہیں رات قیام بھی کریں گے۔اتوار۱۶؍ جون کی صبح حجاج کرام منیٰ واپس روانہ ہوں گے جہاں وہ رمی جمرات کریں گے۔ پھر حجاج کرام اللہ کی راہ میں جانور قربان کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی عازمین کا فریضہ حج مکمل ہو جائے گا جس کے بعد وہ اپنا سر منڈوا کر احرام کھول کر عام لباس پہنیں گے جب کہ خواتین اپنے چوتھائی سر کے بالوں کا انگلی کی ایک پور برابر بال کٹوائیں گی۔ حجاج کرام۱۶؍ جون کو ہی بیت اللہ کے طواف کیلئے مکہ روانہ ہوں گے۔ ۱۷؍ جون بروز پیر کوحجاج کرام ایک بار پھر رمی جمرات کریں گے اور سارا دن اور رات عبادت میں گزاریں گے۔18جون منگل کو آخری بار تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام مغرب ہونے سے پہلے منیٰ کی حدود سے نکل جائیں گے۔