وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جب وہ سیاست میں آئیں تو اُن کے والد اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ہچکچاہٹ کا شکار تھے لیکن آج یقین ہے کہ وہ ان پر فخر کرتے ہوں گے۔
پاکستان نیوی وار کالج کے 55 ویں اسٹاف کورس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے سیلاب متاثرین کی بحالی اور ریسکیو آپریشن میں پاکستان نیوی کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف آپریشن کے دوران پاک نیوی نے مثالی خدمات انجام دیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بیٹیوں کو مواقع، اعتماد اور حوصلہ دیا جائے تو وہ آگے بڑھ کر ترقی کرتی ہیں۔ قوم کو تقسیم کرنے والوں کو ووٹ نہ دیں بلکہ خدمت اور کام کی بنیاد پر ووٹ دیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ تر بنانا ان کی ترجیح ہے۔ بحیثیت وزیراعلیٰ انہوں نے ماضی کی روایات کی نفی کرتے ہوئے نئی سوچ اور نئے آئیڈیاز کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خود کو ثابت کرنے کے لیے بھائیوں سے زیادہ محنت کرنا پڑی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاست میں قدم رکھنے کے بعد وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے سیاسی معاملات کو سمجھنا شروع کیا اور آج اُنہیں یقین ہے کہ ان کے والد نواز شریف ان کی کامیابی پر فخر محسوس کرتے ہوں گے۔
