آئس لینڈ(ڈیلی پوائنٹ)ٹیکنالوجی کی اس دنیا میں موبائل کے بغیر زندگی گزارنا بے حد مشکل سا کام ہے لیکن اگر آپ اس مشکل تصور کے ساتھ ( موبائل فون کے بغیر ) ایک مہینہ زندگی گزارلیں تو آپ انعامات جیت سکتے ہیں۔
آئس لینڈ سے تعلق رکھنے والی سیجی ڈیری کمپنی کی جانب سے ڈیجیٹل ڈیٹوکس پروگرام پیش کیا گیا ہے جس کے تحت ایک ماہ تک موبائل فون استعمال نہ کرنے والے 10 خوش نصیب افراد کو 10 ہزار ڈالر کیش اور دیگر انعامات سے نوازا جائے گا۔
کمپنی کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہم آسان زندگی گزارنے پر یقین رکھتے ہیں. آج ہماری زندگی میں سب سے بڑامسئلہ ہمارا فون ہے جس کے ساتھ درحقیقت،ہم بہت سا وقت گزارتے ہیں اور دن میں 5 سے 7 گھنٹہ تک موبائل فون استعمال کرتے ہیں۔
کمپنی کے بیان کے مطابق اگر آپ کامیابی کے ساتھ ایک ماہ تک موبائل سے دور رہتے ہیں تو آپ ایک اسمارٹ فون لاک باکس اور ایک ماہ کے لیے پری پیڈ سم کارڈ کے ساتھ ساتھ ایک فلپ فون بھی جیت سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پروگرام میں شرکت کرنے کے خواہشمند افراد 31 جنوری تک کمپنی کی ویب سائٹ پر جاکر درخواست دے سکتے ہیں۔
دوسری جانب پروگرام میں شرکت کے خواہشمند افراد کو ایک مضمون جمع کروانا ہوگا جس میں بتانا ہوگا کہ فون سے دور ایک مہینہ آپ کی زندگی کیسےتبدیل کرسکتا ہے؟ جس کے بعد پروگرام کیلئے منتخب کیے گئے افراد اسمارٹ فونز کو ایک فراہم کردہ باکس میں محفوظ طریقے سے اسٹور کریں گے اور پھر 10 خوش نصیب افراد لاکھوں کے انعامات جیت سکتے ہیں۔ یہ منفرد آفر کمپنی نے دی ہے اگر آپ موبائل سے دور رہ سکیں تو؟