لاہور(ڈیلی پوائنٹ)لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو حلقہ این اے 128 کے نتائج جاری کرنے سے روک دیا۔پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو 12 فروری تک نتائج جاری کرنے سے روکتے ہوئے عون چوہدری اور الیکشن کمیشن کو اگلی سماعت پر طلب کرلیا۔
دوران سماعت جسٹس باقر نجفی نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا ریٹرننگ افسر عدالت میں آیا ہے، جس پر وکیل نے کہا ہے اُن کا موبائل بند جاررہا ہے اور کوئی رابطہ نہیں ہوسکا۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ درخواست ناقابل سماعت ہے، قانون کے مطابق انہیں پہلےں الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمٰں فارم 47 موصول ہوگیا ہے جس کے مطابق درخواست گزار کو حلقہ این اے 128 میں شکست ہوئی ہے۔ سلمان اکرم راجہ کے وکیل نے کہا کہ ہماری ووٹوں کی گنتی کرانے کی استدعا نہیں بلکہ نتائج جمع کرنے سے متعلق اعتراض ہے اور ہم نے ریٹرننگ افسر کا آرڈر چیلنج کیا ہے اس پر فیصلہ چاہتے ہیں۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کو 12 فروری تک حلقہ این اے 128 کے نتائج اور عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے سے روکتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔