پاکستانی حسینہ کے عالمی مقابلہ حسن کے سٹیج پرجلوے

لاہور( ڈیلی پوائنٹ )مس یونیورس 2023 کا تاج کس ملک کی حسینہ کے سر پر سجے گا،آج فیصلہ ہوجائے گا ۔ مس یونیورس پاکستان‘ ایریکا رابن نے عالمی مقابلۂ حسن 2023 کے اسٹیج پر کیٹ واک کی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
مس یونیورس 1952 سے ہر سال منعقد ہونے والا بین الاقوامی مقابلۂ حسن ہے، رواں سال کا مس یونیورس مقابلہ ایل سلواڈور میں منعقد کیا گیا ہے جس میں ماڈل ایریکا رابن پاکستان کی نمائندگی کررہی ہیں۔مس یونیورس مقابلہ جیتنے کی پاکستانی امیدوار 90 سے زائد ممالک کی شرکا کے ساتھ ٹائیٹل جیتنے کی دوڑ میں شریک ہوئی ہیں اور آج یہ فیصلہ ہوجائے گا کہ 2023 کی ‘مس یونیورس’ کا تاج کس ملک کی حسینہ کے سر پر سجے گا۔
عالمی مقابلۂ حسن 2023 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی ماڈل ایریکا رابن نے ریمپ پر واک کرنے کے لیے ایسے لباس کا انتخاب کیا جس میں پاکستانی ثقافت کے رنگ نظر آئے۔ایریکا رابن نے ریمپ پر واک کرتے ہوئے پاکستانی ثقافت کو دُنیا بھر کے سامنے اُجاگر کیا اور سامعین کو خوب محظوظ کیا جبکہ اُن کے لباس کو ’پہچان‘ کا نام دیا گیا۔اس کے علاوہ اُنہوں نے عالمی مقابلۂ حسن کے اسٹیج پر ایک اور کیٹ واک میں سفید موتیوں اور ستاروں سے چمکتا ہوا خوبصورت سلور گاؤن زیب تن کیا، اُن کے اس لباس اور واک کو بھی خوب مقبولیت ملی۔
واضح رہے کہ ایریکا رابن نے تاریخ میں پہلی ’مس یونیورس پاکستان‘ کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ مجھے پہلی مس یونیورس پاکستان ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور میں پاکستان کی خوبصورتی کو نمایاں کرنا چاہتی ہوں۔ایریکا رابن نے کہا تھا کہ ہماری ایک خوبصورت ثقافت ہے جس کے بارے میں میڈیا بات نہیں کر رہا۔ پاکستانی لوگ بہت فیاض، مہربان اور مہمان نواز ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں