لاہور(ڈیلی پوائنٹ )بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا سے بھارتی سیاستدان راگھو چڈھا سے شادی کے بعد ان کے فلمی کیر ئیراور مستقبل میں سیاست کے میدان میں آنے کے بارے میں سوالات ہونے لگے ہیں۔
پرینیتی چوپڑا سے ان کے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران یہ سوال کیا گیا کہ کیا آپ مستقبل میں سیاست کے میدان میں قدم رکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں؟
اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہماری کامیاب شادی کا راز یہ ہے کہ راگھو بالی ووڈ کے بارے میں کچھ نہیں جانتے اور میں سیاست کے بارے میں کچھ نہیں جانتی لہٰذا مجھے نہیں لگتا کہ آپ لوگ مجھے کبھی سیاست کے میدان میں دیکھیں گے۔
اداکارہ نے اپنی شادی پر مداحوں کی جانب سے موصول ہونے والی نیک خواہشات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اور راگھو عوام میں مشہور ہیں لیکن ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ ہمیں پورے ملک سے اتنی محبت ملے گی۔
اُنہوں نے شادی کے بعد کی زندگی کے بارے میں کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اگر آپ صحیح شخص کے ساتھ ہوں تو شادی شدہ زندگی بہترین ہے۔
پرینیتی چوپڑا نے کام اور نجی زندگی میں توازن کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں توازن قائم کرنا بہت ضروری ہے، بھارت میں ہم اکثر لوگوں کو بڑے فخر سے یہ بات کرتے دیکھتے ہیں کہ وہ کام میں مصروف ہونے کی وجہ سے وقت پر نہ تو کھاتے ہیں اور نہ ہی سوتے ہیں لیکن یہ زندگی گزارنے کا صحیح طریقہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں بھی سخت محنت کرنے پر یقین رکھتی ہوں لیکن مجھے اپنے دوستوں سے ملنا اور چھٹیوں پر جانا بھی اچھا لگتا ہے۔