لاہور(ڈیلی پوائنٹ )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کرکٹر وہاب ریاض کی قیادت میں کام کرنے والی موجودہ قومی سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کردیا، نئی کمیٹی میں سابق آل راؤنڈرر عبدالرزاق اور اظہر علی کی شمولیت کا قوی امکان ہے۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق موجودہ سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا گیا ہے، نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔
پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ نئی سلیکشن کمیٹی ٹیم کے انتخاب کے لیے میرٹ پر آزادانہ فیصلے کرے گی، نئی سلیکشن کمیٹی کے میرٹ پر فیصلے سب کے سامنے ہوں گے۔
واضح رہے کہ موجودہ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سابق کرکٹ وہاب ریاض تھے جبکہ کمیٹی ممبران میں وجاہت اللہ واسطی، توصیف احمد، وسیم حیدر شامل تھے۔
اسی طرح کنسلٹنٹ ممبران میں کامران اکمل، راؤ افتخار انجم جبکہ مینیجر اینالسٹ حسن مظفر چیمہ شامل تھے۔
گزشتہ روز چیف سلیکٹر وہاب ریاض کی کال پر عبدالرزاق نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی تھی جبکہ اس موقع پر انھیں کرکٹ کی بہتری میں معاونت کی پیشکش بھی کی گئی تھی جو انہوں نے قبول کرلی تھی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی آج پریس کانفرنس شیڈول ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پریس کانفرنس میں نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کر سکتے ہیں اور اس حوالے سے وہاب ریاض کو دوبارہ چیف سلیکٹر کی ذمےداریاں ملنے کا امکان ہے جبکہ سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق رکن کے طور پر مضبوط امیدوار ہیں۔