plastic ka use km kay mgr kaisy

پلاسٹک کا استعمال کم کیسے کریں؟

لاہور(ڈیلی پوائنٹ)پلاسٹک کے بڑھتے استعمال سے پوری دنیا پریشان ہے۔ اس کے ذریعے آلودگی کی سطح کافی بڑھ گئی ہے۔ پلاسٹک کا استعمال کم کرنے کیلئے بین الاقوامی سطح پر مہم چلائی جارہی ہیں۔ لیکن آپ اپنے گھر سے اس کی شروعات کرسکتے ہیں مگر کیسے؟
حیران کن اعداد و شمار: دُنیا میں ہر سال تقریبا46 کروڑ ٹن پلاسٹک کی پیداوار ہوتی ہے۔ اس میں سے تقریباً ۵۳ء۳؍ کروڑ ٹن پلاسٹک کچھ ہی دنوں میں کچرا بن جاتا ہے۔
پلاسٹک بیگ کو مسترد کریں: ہر سال دنیا بھر میں 500 ارب پلاسٹک بیگز استعمال کے بعد کچرے کا ڈھیر بن جاتے ہیں۔ ان کی جگہ کپڑے کے تھیلے کا استعمال کریں۔ خواتین پرانی ٹی شرٹ کی مدد سے تھیلا تیار کرسکتی ہیں۔
سنگل یوز پلاسٹک کا استعمال بند کر دیں: ہر سال15 کروڑ ٹن پلاسٹک اسٹرا، کٹلری جیسی سنگل یوز چیزوں میں استعمال کی جاتی ہے۔ دوبارہ استعمال میں آنے والی دھاتوں سے بنی چیزوں کو ترجیح دیں۔
پلاسٹک سے دوری بنائیں: پلاسٹک کے ڈبے استعمال کرنا بند کر دیں، کانچ اور اسٹیل کے ڈبے کا استعمال کریں۔ پلاسٹک پیکجنگ والی چیزوں کا کم سے کم استعمال کریں۔
پلاسٹک اور آلودگی: تقریباً 2کروڑ ٹن پلاسٹک کا کچرا ہر سال جھیلوں، ندیوں اور سمندر میں پھینک دیا جاتا ہے۔ سمندر میں پہنچنے والے کچرے کا 90 فیصد حصہ پلاسٹک کا ہوتا ہے۔
گھر کی چھوٹی چھوٹی چیزیں تبدیل کریں: ٹوتھ برش کی جگہ مسواک سے دانت صاف کریں۔ پلاسٹک کے ڈبے میں کھانا پیک کرنے کے بجائے اسٹیل کا ڈبہ استعمال کریں۔ پانی پینے کیلئے کانچ یا اسٹیل کا گلاس استعمال کریں۔
پلاسٹک کی بوتل سے دوری: دُنیا میں روزانہ10 کروڑ سے زیادہ پلاسٹک کی بوتلیں استعمال کرنے کے بعد پھینک دی جاتی ہیں۔ بانس، کانچ اور دھاتوں سے بنی ہوئی بوتلیں استعمال کریں۔
ٹی بیگ کی جگہ اسٹیل کی چھلنی: ایک ٹی بیگ سے آپ کی چائے کے کپ میں11 ارب مائیکرو پلاسٹک کے ذرات شامل ہوسکتے ہیں۔ اس کی جگہ اسٹیل کی چھلنی استعمال کریں۔
یاد رکھیں زیادہ پلاسٹک کا استعمال آپ کی صحت کے لیے خطرہ ہے اس لیے کوشش کریں پلاسٹک کا استعمال کم سے کم کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں