اسلام آباد(ڈیلی پوائنٹ )سعودی عرب نے 5 ارب ڈالرز سے پاکستان میں سرمایہ کاری پیکیج کا آغاز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
مکہ مکرمہ میں شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آج الصفاء پیلس مکہ المکرمہ میں باضابطہ ملاقات کی۔
سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے اعلامیے کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے پیکیج کا پہلا مرحلہ جلد مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق 5ارب ڈالرز پاکستان میں سعودی عرب کی کُل سرمایہ کاری پیکیج کا پہلا حصہ ہوں گے۔
ملاقات میں طے پایا کہ پاک سعودی کاروبار دیگر شعبوں میں بڑھایا جائے گا، سرمایہ کاری میں تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تعاون بڑھانے کے باہمی عزم کا اظہار کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق شہباز شریف اور محمد بن سلمان کی بات چیت کا محور پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا تھا۔
شہباز شریف نے پاکستان کےلیے غیر متزلزل حمایت پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا جبکہ سعودی ولی عہدنے پاکستان کا دورہ جلد کرنے کی دعوت قبول کرلی۔