پی ایس ایل 9، دفاعی چیمپئن کو مسلسل تیسری شکست

ملتان(ڈیلی پوائنٹ )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے ہرادیا۔
دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کی جانب سے دیا گیا 167 رنز کا ہدف ملتان سلطانز نے 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اننگز کے آغاز میں ہی لاہور قلندرز کو 3 کے مجموعے پر ہی ان فارم صاحبزادہ فرحان کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔
تاہم دوسری وکٹ پر تجربہ کار جوڑی فخر زمان اور رسی ویندر ڈوسن نے 94 رنز کی شاندار پارٹنرشپ بنا کر اپنی ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کیا۔
97 کے مجموعے پر اسامہ میر نے یہ خطرناک پارٹنرشپ توڑی، انہوں نے 54 رنز بنانے والے ڈوسن نے آؤٹ کرکے لاہور قلندرز کی اننگز کی اسپیڈ کو بریک لگانے کی کوشش کی۔
سلطانز کے بولرز اس کوشش میں اس وقت کامیاب ہوتے نظر آئے جب 114 کے مجموعے پر انہوں نے 41 رنز بنانے والے فخر زمان کو چلتا کیا، فخر کی اننگز کا خاتمہ عباس آفریدی نے کیا۔
ملتان سلطانز کے بولرز کی جانب سے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ جاری رہا، تاہم قلندرز کے بیٹرز نے بھی رنز بٹورنا جاری رکھا۔
اختتامی لمحات میں سکندر رضا کے 23، جہانداد خان کے 16، کارلوس بریتھویٹ کے 15 جبکہ عبداللّٰہ شفیق کے 6 رنز کی بدولت لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناسکی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد علی نے دو وکٹیں لیں جبکہ عباس آفریدی اور اسامہ میر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے تجربہ کار بلے باز ڈیوڈ ملان اور ریزا ہینڈرکس 15 کے مجموعے پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ تاہم ایسے میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکالنے کی کوشش کی۔
ملتان کو 53 رنز پر تیسرا نقصان اٹھانا پڑا جب یاسر خان 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم رضوان نے ڈیوڈ ویلی کے ساتھ چوتھی وکٹ پر 75 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو جیت کی جانب گامزن کیا۔
محمد رضوان 128 کے مجموعے پر 82 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تو ایسا محسوس ہورہا تھا جیسے میچ سلطانز کے ہاتھوں سے نکلتا جارہا ہے۔ تاہم ایسے میں افتخار احمد نے 11 گیندوں پر 34 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر سلطانز کو مسلسل تیسرے میچ میں فاتح بنادیا۔ انہوں نے 19ویں اوور میں 24 رنز بناڈالے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی اور زمان خان نے دو دو وکٹیں لیں جبکہ جارج لنزے نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کو فاتح گر اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز تیسرا میچ کھیلنے کے بعد بھی پوائنٹس حاصل کرنے سے محروم رہ گئی۔
ٹاس کے موقع پر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کےلیے اچھی لگ رہی ہے، اس لیے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ٹاس مسئلہ نہیں، کرکٹ اچھی کھیلیں گے تو جیتیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں