لاہور(ڈیلی پوائنٹ) ایچ بی ایل پی ایس ایل 9میں آج لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں آج قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی، دفاعی چیمپئن میزبان ٹیم کو اپنی بولنگ میں نمایاں بہتری لانے کی فکر ہوگی۔
پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 196رنز کا ہدف آسانی سے حاصل کرتے ہوئے بولرز کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگایا تھا، کپتان شاہین شاہ آفریدی قدرے بہتر پرفارم کرپائے، حارث رؤف اور زمان خان رنز کا بہاؤ روکنے میں ناکام رہے، دونوں دباؤ کا شکار ہوں گے۔
صاحبزادہ فرحان نے اوپننگ پوزیشن سے انصاف کیا تھا، راسی وین ڈر ڈوسن بہترین فارم میں ہیں، فخرزمان بھی گزشہ اننگز کی ناکامی کا ازالہ کرنے کی کوشش کریں گے، عبداللہ شفیق اور ڈیوڈ ویزا بھی بڑے اسکور کرسکتے ہیں۔
حریف ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز جیسن روئے اور سعود شکیل نے پہلے ہی میچ میں دھاک بٹھادی ہے، کپتان رائیلی روسو اور شیرفن ردر فورڈ بھی چھکے چھڑانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، لوئر آرڈر میں خواجہ نافع، سرفراز احمد اور وسیم جونیئر سے امیدیں وابستہ ہوں گی، پیس بیٹری میں تجربہ کار محمد عامر کا ساتھ دینے کیلیے وسیم جونیئر اور محمد حسنین موجود ہیں، ابرار احمد اور عقیل حسین اسپن کا جادو جگانے کیلیے تیار ہیں۔
مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا پیسرز فائدہ اٹھاسکتے ہیں، میزبان ٹیم کا میچ ہونے کی وجہ سے کراؤڈ میں بھی بہتری آنے کی امید ہے۔