لاہور(ڈیلی پوائنٹ)PTIکی رابطہ ایپ کیا ہے اور یہ کیسے کام کرتی ہے؟پاکستان میں8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات2024 کے حوالے سے جہاں دیگر سیاسی جماعتیں ملک کے مختلف شہروں میں جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد کر رہی ہیں تو وہیں پاکستان تحریک انصاف (PTI) سوشل میڈیا اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اپنی انتخابی مہم چلا رہی ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے ملک کے مختلف حلقوں میں ووٹرز کے لیے اپنے نامزد کردہ امیدواروں کی تصدیق کے لیے ’رابطہ‘ نامی ایپ میں نئے فیچرز شامل کر دیے گئے ہیں جن کا مقصد ووٹرز کو پارٹی کے نامزد کردہ امیدوار تک رسائی دلوانا ہے۔
ایپ کی ضرورت کیوں؟
سنہ 2018 کے انتخابات کے بعد اقتدار کی کرسی پر براجمان ہونے والی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف ان دنوں مشکل دور سے گزر رہی ہے۔
پارٹی قیادت پر عائد سنگین الزامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی پکڑ دھکڑ نے پی ٹی آئی کی مشکلات میں غیرمعمولی اضافہ بھی کردیا ہے
سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف اپنے انتخابی نشان ’بلے‘ کے بغیر عام انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔
سپریم کورٹ کے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی درخواست پر سنائے گئے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے امیدوار آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور ہر امیدوار کو ایک الگ انتخابی نشان الاٹ کیا گیا ہے۔
ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق مختلف حلقوں سے پی ٹی آئی کے ایک سے زیادہ امیدواروں کے انتخابات میں حصہ لینے کا انکشاف ہوا ہے جو خود کو پارٹی کی طرف سے نامزد کردہ امیدوار بتا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شعیب شاہین کے مطابق ملک بھر میں پی ٹی آئی کے ووٹرز پارٹی کے ہی نامزد کردہ امیدوار کو ہی ووٹ ڈالے اس کے لیے ٹیکنالوجی کا سہارا لیا گیا اور ’رابطہ‘ ایپ میں نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔
’رابطہ‘ ایپ کام کیسے کرے گی؟
اس ایپ کو استعمال کرتے ہوئے شہری اپنے شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے اپنے حلقے کا امیدوار اور اس کا انتخابی نشان معلوم کر سکیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف نے اپنی اس ایپ کو ’پی ٹی آئی رابطہ‘ کا نام دیا ہے۔ پارٹی کے سینیئر رہنما و ترجمان رؤف حسن کے مطابق پارٹی کی طرف سے بنائی گئی ایپ ملک بھر میں استعمال کی جا سکے گی۔ ایپ کو پلے سٹور اور آئی سٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
سنہ 2022 میں پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی کارکنان کی رجسٹریشن اور نئے پارٹی ارکان کی شمولیت کے لیے بنائی گئی ’رابطہ‘ ایپ کو عام انتخابات کی مناسبت کو پیش نظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔