اسلام آباد(ڈیلی پوائنٹ )اپنی پرفارمنس سے مداحوں کا دل جیتنے والی بھارتی اداکارہ رشمیکا مندانا کی ڈیپ فیک ویڈیو بنانے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق رشمیکا مندانا کی ڈیپ فیک ویڈیو بنانے میں ملوث شخص کو دہلی پولیس نے گرفتار کرلیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں تیلگو، کناڈا، تامل اور ہندی فلموں کی معروف اداکارہ کی ایک جعلی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تھی۔
مذکورہ ویڈیو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کی مدد سے بنائی گئی تھی جس پر بعد میں رشمیکا نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے اسے جعلی قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اس پر لوگوں کو ان کا ساتھ دینا چاہیے۔
بعدازاں دہلی پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کردی تھی۔
واضح رہے کہ ڈیپ فیک کی مدد سے جس ویڈیو پر رشمیکا کا چہرہ لگایا گیا تھا وہ بھارتی نژاد برطانوی سوشل میڈیا انلوئنسر زارا پٹیل کی تھی۔