سنسنی خیز مقابلہ، کیویزکو 5 رنزسے شکست

لاہور(ڈیلی پوائنٹ )آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 5 رن سے شکست دے دی۔
دھرمشالہ کے ہماچل پردیش اسٹیڈیم میں کھیلےگئے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 389 رن کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھی خوب مقابلہ کیا تاہم میچ کے نتائج اپنے حق میں نہ کرسکی، کیوی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 383 رن بناسکی۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تو آسٹریلیا کی پوری ٹیم 49.2 اوور میں 388 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔
کینگروز کی جانب سے ٹریوس ہیڈ 109 رن بناکر ٹاپ اسکورر رہے، اس کے علاوہ ڈیوڈ وارنر 81، مچل مارش 36، اسٹیون اسمتھ اور مارنوس لبوشین 18،18 اور گلین میکسویل 41 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔جوش انگلس نے 38 رن کی اننگز کھیلی،کپتان پیٹ کمنز 37 ، مچل اسٹارک ایک اور ایڈم زمپا صفر پر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈکی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور گلین فلپس نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مچل سینٹنر نے 2 اور میٹ ہینری اور جیمز نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں