لاہور(ڈیلی پوائنٹ)سابق وزیراعظم عمران خان کی حمایت میں بیٹے قاسم کے نام سے منسوب ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی حقیقت جمائما نے سب پر عیاں کردی۔
قاسم خان کے نام سے آفیشل ایکس اکاؤنٹ عمران خان کا بیٹا ہونے کا دعویدار تھا اور اسی مناسبت سے پوسٹس بھی سامنے آتی تھیں۔
ایک پوسٹ جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل تھی اس میں کہا گیا تھا کہ ’سب کو سلام، پاکستان میں جلد عام انتخابات ہونے والے ہیں، لہٰذا ان مشکل حالات میں عمران خان کا پیغام سب تک پہنچانا اور سوشل میڈیا سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہمارا حق ہے۔‘
ٹوئٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ اس لیے اب میں ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر مکمل طور پر فعال ہوں، انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل بھی کی۔
اس پوسٹ نے بڑی تعداد میں ری شیئر ہونے کی وجہ سے جمائما کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کروالی، ساتھ ہی انہوں نے اس اکاؤنٹ کی حقیقت بھی بتادی۔
جمائما نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ یہ ایک فیک یعنی جعلی اکاؤنٹ ہے جسے فوری طور پر رپورٹ کیا جائے۔
اس سے قبل گزشتہ برس ایک پوسٹ میں جمائما نے کہا تھا کہ ’جعلی اکاؤنٹس کو میرے بچوں سے منسوب کیا جارہا ہے، یہ اکاؤنٹس سیاسی ایجنڈے کے تحت جعل سازوں نے بنائے ہیں، یہ بالکل وہی معاملہ ہے جس کا مجھے ڈر تھاجب ٹوئٹر نے ویری فکیشن بلیو ٹک کو ہٹادیا تھا۔
جمائما نے لکھا تھا کہ آپ کی اطلاع کیلئے بتادوں میرے بچے سوشل میڈیا پر نہیں ہیں اور نہ ان کا سوشل میڈیا پر ان کا کوئی ارادہ ہے۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ جمائما اور عمران خان کی شادی 1995 میں ہوئی تھی، جمائما نے عمران خان کے ساتھ 1995 سے 2004 تک 9 سال لاہور میں گزارے۔
جمائما اور عمران خان کے 2 بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں، جو اس وقت لندن میں زیر تعلیم ہیں اور اپنی والدہ جمائما گولڈ اسمتھ کے ہمراہ رہتے ہیں۔