لاہور( ڈیلی پوائنٹ )پیرس اولمپکس میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کا لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا، ایئرپورٹ پر ارشد ندیم اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے، شہریوں نے اپنے ہیرو کو کندھوں پر اٹھایا۔
اولمپک چیمپئن ارشد ندیم کی پرواز ٹی کے 714 ستائیس منٹ تاخیر سے رات ایک بجکر 25 منٹ پر لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر لینڈ کی، ارشد ندیم کے طیارے کو ایئرپورٹ پر واٹر کینن سلیوٹ پیش کرکے خوش آمدید کہا گیا۔
ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر احسن اقبال، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور شزا فاطمہ سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے ارشد ندیم کا استقبال کیا۔
ایئرپورٹ اسٹیٹ لاؤنج میں موجود ارشد ندیم کے والد نے اپنے بیٹے کو گلے لگایا اور پھولوں کے ہار پہنائے، سعد رفیق، عظمیٰ بخاری اور دیگر نے بھی ارشد ندیم کو ہار پہنائے۔
ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر مداحوں کا جمِ غفیر موجود ہے، ہزاروں افراد اپنے ہیرو کی جھلک دیکھنے کے لیے بے قرار ہیں۔ ارشد ندیم کے آبائی شہر میاں چنوں سے بھی اہل خانہ، عزیز اور مداح بڑی تعداد میں لاہور ایئرپورٹ پہنچے ہیں۔
قومی ہیرو ارشد ندیم نے لاہور ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عزت دینے پر قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ارشد ندیم نے کہا کہ پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ قوم اور والدین کی دعاؤں سے اللّٰہ نے عزت دی۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے بہت لمبا سفر ہے، میڈل حاصل کرنے کے لیے دن رات محنت کی تھی۔
ایئرپورٹ سے باہر نکلنے پر مداحوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر ارشد ندیم کو ڈیکر پر سوار کیا گیا، ارشد ندیم نے بس پر سوار ہوکر مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور ہاتھ اُٹھاکر عوام کے نعروں اور محبتوں کا جواب دیا۔
اس موقع پر فینز بس کے ساتھ ساتھ چلتے رہے، لاہور ایئرپورٹ کے خارجی راستے پر بینرز اور ارشد ندیم کی قد آور تصاویر بھی لگائی گئیں۔
ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے نیزہ بازی مقابلے میں 92.97 میٹر کی ریکارڈ تھرو کرکے سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
واضح رہے کہ جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا ہے، ارشد ندیم اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ہیں۔