لاہور( ڈیلی پوائنٹ )آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا پہلی بار امریکا میں آغاز ہوتے ہی شکایات سامنے آنے لگیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا، جنوبی افریقا اور آئر لینڈ کو لاجسٹک کے مسائل کا سامنا ہے جس کی وجہ سے سری لنکا نے جنوبی افریقا اور آئر لینڈ کے ساتھ مل کر باقاعدہ طور پر آئی سی سی سے شکایت کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق تینوں ممالک کو سفری انتظامات اور رہائش کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقا، سری لنکا اور آئر لینڈ کو فلوریڈا سے نیویارک تک شدید سفری مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
فلوریڈا کے گرم موسم میں کھیلنے کے بعد سری لنکا اور آئر لینڈ کو چارٹرڈ فلائٹ کے لیے 7 گھنٹے خوار ہونا پڑا، ٹیموں کو نیویارک جمعے کی رات 8 بجے پہنچنا تھا لیکن اگلے روز صبح 5 بجے پہنچیں۔
سری لنکا کو تاخیر سے پہنچنے کی وجہ سے صبح کا ٹریننگ سیشن منسوخ کرنا پڑا جبکہ سری لنکن ٹیم کا ہوٹل پریکٹس وینیو سے ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر ہے۔
اس کے مقابلے میں بھارتی ٹیم کو پریکٹس وینیو اور اسٹیڈیم کے بالکل قریب رہائش فراہم کی گئی ہے۔
اس کےعلاوہ بھارتی ٹیم کو زیادہ میچز ایک وینیو پر رکھ کر بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔