لاہور (ڈیلی پوائنٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ کسی بھی محکمے کی درستگی کے لیے اس کا ڈیٹا بہت اہم ہوتا ہے لیکن ہمارے پاس تو درست ڈیٹا ہی نہیں، چاہتی ہوں ہمارے پاس درست ڈیٹا ہو تاکہ سوشل پروٹیکشن پروگرامز میں ٹیکس دہندگان کا پیسا ضائع نہ ہو۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا مجھے شکایات آئیں کہ رمضان پیکج غریبوں کے بجائے وڈیروں تک پہنچ رہا ہے.
مریم نواز نے کہا کہ فیصلہ سازی کیلئے ڈیٹا بہت اہم ہوتا ہے لیکن ہم انفارمیشن اور ڈیٹا کے بغیر ہی فیصلے کرتے ہیں، کوئی ٹارگٹڈ اپروچ نہیں ہے، میں چاہتی ہوں میرے پاس درست ڈیٹا ہو تاکہ ٹیکس دہندگان کا پیسا ضائع نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بہت سے لوگ بجلی کے بل افورڈ نہیں کر سکتے، بجلی کے بل عوام کیلئے ایک بڑی مشکل بن گئے ہیں، لوگوں کی تنخواہ کا ایک بڑا حصہ بجلی کے بلوں کی مد میں چلا جاتا ہے، ایسے صارفین جن کے 500 یونٹ استعمال ہوتے ہیں ان کیلئے سولر سسٹم لا رہے ہیں، 45 لاکھ صارفین کے لیے سولر منصوبہ لا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا سوشیو اکنامک رجسٹری میں 5000 سے زیادہ رجسٹریشن سینٹرز بنائے گئے ہیں، رجسٹریشن کروانے سے لوگ سوشل پروٹیکشن پروگرامز کے حقدار ہوں گے، لوگ گھر بیٹھ کر بھی پورٹل پر خود کو رجسٹر کرا سکتے ہیں، امید ہے ایک سال میں درست ڈیٹا سامنے آ جائے گا جس کے مطابق مستحق لوگوں کو ریلیف دیں گے۔