کراچی ( ڈیلی پوائنٹ )برمنگھم میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں دنیا بھر کی نظریں کل ہونے والے پاک بھارت مقابلے پر لگ گئیں، میچ سے قبل ہی تمام ٹکٹ فروخت ہوگئے۔
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاک، بھارت میچ پر دنیا بھر کے شائقین کی نگاہیں جمی ہوئی ہیں، میچ 7 جولائی کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا جس کے تمام 23 ہزار ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔
پاک بھارت میچ ماضی کے عظیم کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کے اظہار کا ذریعہ ہوگا اور میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑی پرجوش ہیں۔
پاکستان چیمپئنز کے کھلاڑی یونس خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں، ہماری ٹیم نے کافی تیاری کی ہے اور ہم ایک بہترین کھیل پیش کریں گے۔
اسی طرح کے خیالات کا اظہار بھارتی چیمپئنز کے رکن سریش رائنا نے بھی کیا اور کہا کہ پاکستان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ایک اعزاز ہے اور 7 جولائی کا میچ بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے، ہماری ٹیم پوری طرح تیار ہے اور بھرپور مقابلہ کریں گے۔
لیگ میں شریک پاکستانی ٹیم کپتان شاہد آفریدی، شرجیل خان، عمر اکمل، یونس خان، شعیب ملک، مصباح الحق، عبدالرزاق، وہاب ریاض، سہیل تنویر، سہیل خان، عبدالرحمان، عامر یامین، توفیق عمر، شعیب مقصود، یاسر عرفات اور تنویر احمد پر مشتمل ہے۔
بھارتی ٹیم میں کپتان یووراج سنگھ، ہربھجن سنگھ، سریش رائنا، عرفان پٹھان، یوسف پٹھان، رابن اتھپا، امباتی رائیڈو، گرکیرت مان، راہول شرما، نامن اوجھا، راہول شکلا، آر پی سنگھ، ونئے کمار، دھاول کلکرنی، سوربھ تیواری، انوریت سنگھ اور پون نیگی شامل ہیں۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی منظور شدہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 3 جولائی کو برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ میدان میں شروع ہوئی جو 18 جولائی تک جاری رہے گی۔