لاہور(ڈیلی پوائنٹ ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب نے آج سے روٹی کی قیمت 16 روپے مقرر کر دی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ روٹی کی قیمت کے حوالے سے پنجاب کے تمام اضلاع اور متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کردی گئی ہے، اور کہا گیا ہے کہ اس فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آٹے کی قیمت میں کمی کے بعد روٹی کی قیمت میں بھی کمی کرنے کی ہدایت کی تھی۔
پنجاب میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 500 روپے کی کمی کے بعد 2800 سے کم ہو کر 2300 روپے کا ہوگیا ہے۔
چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے بتایا ہے کہ گندم کی قیمت میں کمی کی وجہ سے آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں کمی آئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے آٹے کی قیمت میں کمی کے بعد امید ظاہر کی تھی کہ آٹے کے بعد روٹی کی قیمت بھی کم ہو گی۔
دوسری جانب منڈیوں میں پنجاب کی گندم بھی آنا شروع ہو چکی ہے جس کے بعد 20 کلو آٹے کے تھیلے میں تقریباً 300 روپے مزید کمی متوقع ہے۔