اسلام آباد(ڈیلی پوائنٹ)توشہ خانہ ٹو کیس میں بھی عمران خان کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے.اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے توشہ خانہ ٹوکیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پرسماعت کی جس سلسلے عمران خان کے وکیل سلمان صفدر اور ایف آئی اے پراسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ جن تین کسٹمز افسران نے قیمت غلط لگائی ان سے متعلق کیا کارروائی ہوئی؟ اس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ کسٹمز افسران سے کوتاہی ہوئی لیکن وہ کرمنل مس کنڈکٹ نہیں تھا، جس نے مالی فائدہ اٹھایا وہ بنیفشری کریمنل مس کنڈکٹ کامرتکب ہوا۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو 10، 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے اور ساتھ ہی انہیں ٹرائل کورٹ کے سامنے بھی پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔عدالت نے کہا کہ یہ سیٹ کی قیمت زیادہ لگانے کی شہادت کا معاملہ ہے، دباؤ کا معاملہ ابھی ثابت کرنا ہے، ٹرائل کے دوران عدالت سے تعاون نہ کیا تو ضمانت واپس ہو سکتی ہے۔