پنجاب کے لوگوں کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دوں گی: وزیراعلیٰ مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ڈی جی خان میں الیکٹرک بسوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب، کہا کسی کو پنجاب کے عوام کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دوں گی، صوبے پر انگلی اٹھانے والوں کو جواب دوں گی۔

پنجاب کے لوگوں کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دوں گی: وزیراعلیٰ مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی کو پنجاب کے عوام کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دوں گی، اگر صوبے پر کوئی انگلی اٹھائی گئی تو توڑ دوں گی۔
ڈی جی خان میں الیکٹرک بسوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہماری اتحادی ہے مگر افسوس کہ انہوں نے پنجاب کے سیلاب پر سیاست کی۔ “آصف علی زرداری میرے بزرگ ہیں اور بلاول بھٹو میرا چھوٹا بھائی ہے، لیکن پیپلز پارٹی کے ترجمانوں کو سمجھنا چاہیے، اگر سندھ میں آفت آئی تو پنجاب ان کے ساتھ کھڑا ہوگا”۔
انہوں نے کہا کہ تنقید نہیں کرنا چاہتی مگر بی آئی ایس پی میں صرف 10 ہزار روپے دیے جاتے ہیں جبکہ ہم 10 لاکھ دے رہے ہیں۔ “پوچھا جاتا ہے کہ دنیا کے سامنے ہاتھ کیوں نہیں پھیلایا؟ کوئی باعزت شخص کیسے دنیا سے امداد مانگ سکتا ہے؟ میں نواز شریف کی بیٹی ہوں، ہاتھ نہیں پھیلاؤں گی، ابھی تک وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ایک پیسہ نہیں لیا”۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ ہوگا۔ “سینٹرل، ساؤتھ اور نارتھ پنجاب میں کوئی فرق نہیں، این ایف سی کا حصہ سب کو برابر ملتا ہے۔ حلفاً کہتی ہوں کہ شہباز شریف سے کوئی پیسہ نہیں لیا، اور مجھے کسی امداد کی ضرورت نہیں۔”
اپنے دورے کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ وہ ڈی جی خان آ کر بہت خوش ہیں۔ اویس لغاری نے انہیں ایک چادر پیش کی جو ایک بزرگ خاتون نے دی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ 200 بسوں میں سے 101 بسیں ڈی جی خان کے لیے مختص کی گئی ہیں۔
جنوبی پنجاب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ “جنوبی پنجاب صوبے کا قیام صرف ایک سیاسی نعرہ ہے۔ آج میانوالی اور ڈی جی خان میں الیکٹرک بسیں لانچ ہوئیں۔ مجھے بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب کے بچوں کی گروتھ کم ہے، اسی لیے میں نے دودھ پروگرام شروع کیا۔ سیلاب متاثرین کو ہر سطح پر ریلیف فراہم کیا گیا۔ جو لوگ نعرے لگاتے ہیں، ان سے پوچھا جائے کہ اپنے دور میں انہوں نے صوبہ کیوں نہ بنایا۔”

اپنا تبصرہ لکھیں