اسلام آباد(ڈیلی پوائنٹ )سابق برطانوی وزیر اعظم ونسٹن چرچل کے سونے کے سانچے میں لگے نقلی دانت خطیر قیمت پر نیلام ہوگئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق، چیلٹنہم میں نیلامی کے لیے پیش کیے گئے ونسٹن چرچل کے نقلی دانت 18 ہزار برطانوی پاؤنڈز میں فروخت ہوگئے۔
دانت نیلام کرنے والی ’دی کوٹس وولڈ آکشن کمپنی‘ کا کہنا ہے کہ یہ دانت تعین کی گئی قیمت 8 ہزار پاؤنڈز سے دُگنی قیمت پر نیلام ہوئے ہیں۔
ونسٹن چرچل قدرتی طور پر اٹک اٹک کر بولا کرتے تھے اس لیے اوپر کے چھ نقلی دانتوں کا یہ سیٹ اس طرح سے بنایا گیا تھا کہ اُنہیں لکنت سے بچایا جاسکے۔
اُنہوں نے یہی نقلی دانت لگا کر دوسری عالمی جنگ کے دوران مشہور تقاریر کی تھیں۔
سابق برطانوی وزیرِ اعظم کے لیے یہ دانت اتنے اہم تھے کہ وہ ایسے دو سیٹ ہمیشہ اپنے ساتھ رکھتے تھے اور حال ہی میں جو سیٹ نیلام ہوا ہے اسے دوسری عالمی جنگ کے آغاز میں بنایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ونسٹن چرچل اپنی زندگی کے بیشتر حصّے میں دانتوں کے مسائل کا شکار رہے اور 20 کی دہائی کے دوران ان کے کئی دانت ضائع ہوچُکے تھے۔