لاہور(ڈیلی پوائنٹ )پاکستانی اوپنر فخر زمان نے شاہین شاہ آفریدی کو بے خوف کپتان قراردے دیا۔پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو میں فخرزمان نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی میں فائٹنگ اسپرٹ ہے، وہ پی ایس ایل میں کپتان بنے تو ٹیم کو ٹائٹل جتوا کر مجھ سمیت بہت سے لوگوں کو غلط ثابت کردیا، ہر میچ کے ساتھ ان کی قیادت میں بہتری نظر آئی،وہ تمام پلیئرز کو ساتھ لے کر چلتے ہیں، لاہور قلندرز کیلیے انھوں نے بہترین پرفارم کیا، کپتان میں یہی بے خوفی ہونا چاہیے،میری دعا ہے کہ انھیں جو ٹیم ملے اس میں فٹنس کے مسائل نہ ہوں، ورلڈکپ میں نسیم شاہ کی انجری سے مشکل ہوئی تھی۔
دورہ نیوزی لینڈ کی تیاری کے سوال پر فخرزمان نے کہا کہ ہم نے اتنی زیادہ کرکٹ کھیلی لی فارم اچھی ہو تو اب کنڈیشنز سے زیادہ فرق نہیں پڑتا،گیند بیٹ پر آرہی ہے، ٹیم کمبی نیشن بھی اچھا ہے،ہم اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
فخرزمان نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا کیلیے پاکستانی اسکواڈ زبردست ہے، اس میں کئی تجربہ کار کرکٹرز شامل ہیں،ہم آسٹریلوی کنڈیشنز کو آسان نہیں سمجھ سکتے مگر مجھے امید ہے کہ اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت کے حوالے سے فخرزمان نے کہا کہ ہم نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتیں دیکھتے ہوئے خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا،دیہی علاقوں میں بھی بڑا ٹیلنٹ چھپا ہے، الگ کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ اچھا رہا۔