کراچی (ڈیلی پوائنٹ )8 فروری کو ہونے والے الیکشن میں جہاں سیاستدان اپنے منشور کو عوام تک پہنچانے میں مگن ہیں، وہیں اب اداکاروں کی جانب سے بھی اپنے چاہنے والوں کو ووٹ کی اہمیت سے متعلق باور کرایا جا رہا ہے۔
پاکستانی اداکاروں کی جانب سے ووٹرز کو ایک خاص پیغام دیا گیا ہے، جو کہ سوشل میڈیا پر سب کی توجہ خوب سمیٹ رہا ہے۔
اداکار عثمان خالد بٹ کی جانب سے ایکس پر کہنا تھا کہ اگر آپ نے اب تک نہیں کیا ہے، تو ابھی 8300 پر شناختی کارڈ نمبر بھیجیں، تاکہ آپ کو معلوم ہو سکے کہ آپ کا پولنگ اسٹیشن کہاں ہے۔ اپنی آواز کو شامل کریں۔
گلوکار عاصم اظہر کی جانب سے بھی الیکشن پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ عوام بمقابلہ سسٹم ہے۔ یہ ہر چیز بند کرسکتے ہیں مگر جو ہمارا دل کہتا ہے وہ نہیں کر سکتے۔ پلیز اپنا حلقہ اور ووٹ کا پولنگ اسٹیشن معلوم کریں۔ پتہ تو چل گیا ہوگا، کہ ووٹ کس کو کرنا ہے اب تک۔
ساتھ ہی عاصم نے بلے کے نشان کا ایموجی بھی لگا دیا۔ عاصم کا مزید لکھنا تھا کہ پاکستانیوں، ہمیں کرپٹ نظام کے خلاف عوام کی طاقت دکھانے کی ضرورت ہے۔
یوٹیوبر شاہ ویر جعفری کی جانب سے کہنا تھا کہ غصہ ہو؟ اچھی بات ہے، مگر 8 فروری کو ووٹ دو۔
گلوکار اور اداکار فرحان سعید کی جانب سے کہنا تھا کہ پاکستانیوں باہر نکلو اور 8 فروری کو ووٹ ڈالو۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ غلط تھے تو ووٹ دو، اگر آپ چاہتے ہو کہ آپ کا ملک ترقی کرے۔
اگر آپ صحیح انسان کو دیکھنا چاہتے ہو جو کہ ملک کا سربراہ بنے تو ووٹ دو۔ اس پورے سال پاکستان نے جو کچھ مانگا وہ ووٹ کا حق تھا، اب ووٹ دو!
دوسری جانب اداکار عدنان صدیقی کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک تصویر اپلوڈ کی گئی تھی جس میں بیلٹ باکس کی تصویر موجود تھی۔
اداکارہ مایا علی کا کہنا تھا کہ میں آپ سب سے درخواست کرتی ہوں کہ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرنا، یہ آپ کا وقت ہے کہ اپنے مستقبل کو بچائیں اور اپنے حال کو بہتر بنائیں۔ خدارا پاکستان کے بارے میں سوچیں، ان قربانیوں کے بارے میں سوچیں جو آج تک دی گئی ہیں۔ ہمارے بچوں کی قسمت کا فیصلہ ہمارے ہاتھوں میں ہیں اور ہمیں صحیح کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا، آپ کو وہ امیدوار چننا ہوگا جو ہم سب کی بہتری کے لیے کام کرے۔ پاکستان زندہ باد۔
اداکارہ بشریٰ انصاری کی جانب سے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں افراتفری ہے، الیکشن قریب ہیں ہمیں امید کرتے ہیں کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہو اور اگلے پانچ سال اُس سیاسی جماعت کو ملیں جو کہ پاکستان کو خوشحالی کی طرف لے جائے۔
مشہور میزبان تابش ہاشمی کی جانب سے کہنا تھا کہ سننے میں آیا کہ بہت سارے لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہم ووٹ نہیں ڈالیں گے، کیونکہ ہمارے ووٹ کا فائدہ ہی کیا ہے؟ لیکن اگر آپ ووٹ نہیں ڈالیں گے تو اُس کا (دھاندل کرنے والے کا) کام اور آسان ہو جائے گا، اُس کو اب کچھ کرنے کی ضرورت ہی پیش نہیں آئے گی، جس کو دھاندلی کرانی ہے، اس سے محنت کراؤ، یعنی آپ کے ووٹ ڈالنے سے اسے محنت کرنی پڑے۔ جس کو جیتنا ہوگا وہ جیت جائے گا۔
تابش کا مزید کہنا تھا کہ اس بار 12 کروڑ لوگ ووٹ ڈالیں گے، اگر سب باہر آ گئے تو دھاندلی کرنے والے بھی سوچیں گے کہ یہ زندہ لاشیں نہیں ۔