محمد شامی کی اہلیہ حسین جہاں

ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی بھی بھارتی باؤلر کے کام نہ آئی

دہلی (ڈیلی پوائنٹ )ورلڈ کپ 2023 میں بھارتی کرکٹ محمد شامی کی بہترین کارکردگی بھی ان کے کام نہیں آئی ہے۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بولر محمد شامی کی اہلیہ حسین جہاں نے اپنے شوہر کی ورلڈکپ 2023 میں شاندار کارکردگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کاش وہ اچھے کرکٹر کی طرح اچھے انسان، شوہر اور باپ بھی ہوتے تو کیا ہی بات تھی۔
شامی نے اب تک ون ڈے ورلڈکپ میں 23 وکٹیں حاصل کی ہیں اوران کی تباہ کن بولنگ نے اس ایونٹ میں ٹیم انڈیا کو کئی میچز جتوائے جب کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں بھی محمد شامی نے 57 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
اس حوالے سے بھارتی میڈیا نے شامی کی اہلیہ حسین جہاں کا انٹرویو کیا اور اس کارکردگی پر ان کی رائے لینا چاہی۔حسین جہاں نے انٹرویو میں کہا ظاہر ہے خوشی تو ہورہی ہے کہ بھارت فائنل میں پہنچاہے۔ اب امید ہے اور اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ ورلڈکپ ہمارے ملک کے نام رہے۔
اپنے شوہر سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کبھی کبھی دل میں یہ باتیں آتی ہیں کہ انہیں کرکٹر کی طرح اچھا انسان بھی ہونا چاہیے تھا لوگوں کو ہماری پروفیشنل لائف اور ذاتی زندگی الگ رکھنی چاہیے۔
شامی کی اہلیہ نے مزید کہا کہ کاش شامی جتنا اچھا کھلاڑی ہے اتنا ہی اچھا باپ، شوہر اور انسان بھی ہوتا، اگر ایسا ہوتا تو میں شامی اور ہماری بیٹی بہت اچھی زندگی گزار رہے ہوتے۔
انہوں نے کہا شامی کی غلطیوں، لالچ اور گندے دماغ کی وجہ سے ہم تینوں کو یہ سب جھیلنا پڑ رہا ہے شامی زیادہ پیسوں اور ان کی نمائش کرکے اپنی مشکلات چھپانے کی کوشش کررہا ہے لیکن میں کسی چیز کو چھپاتی نہیں ہوں۔
واضح رہے کہ 2014 میں محمد شامی نے ماڈل حسین جہاں سے شادی کی تھی تاہم اب شامی اور ان کی اہلیہ کےدرمیان 2019 سےکیس چل رہا ہے۔
چند برس قبل محمد شامی کی اہلیہ حسین جہاں نے ان پر تشدد کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد شامی اور ان کے بھائی کو گرفتار کیا گیا جب کہ شامی کی اہلیہ کو بھی اپنے شوہر کے گھر جاکر شور شرابا کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا جنہیں بعد ازاں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا، محمد شامی کی جانب سے اگرچہ ان الزامات کی تردید کی گئی تھی ۔
تاہم رواں برس مئی میں ایک بار پھر محمد شامی کی اہلیہ نے شوہر کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ کا رخ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں